اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نیب ترامیم پر پیپلزپارٹی اور ن لیگ تقسیم کا شکار ہوگئیں اور دونوں جماعتوں نے الگ الگ مسودہ حکومت کے حوالے کردیا ہے۔ نیب ترامیم پر پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے مشترکہ مسودہ دینے پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے نیب ترامیم پر اب اپنا اپنا مسودہ حکومت کے حوالے کردیا ہے، پیپلزپارٹی کو مسلم لیگ (ن) کی تجویز کی گئی نیب ترامیم پسند نہیں آئیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت ہم سے فاروق ایچ نائیک کے سینٹ کمیٹی سے منظور شدہ مسودہ پر بات کرے، حکومت اپوزیشن کی تجویز کی گئی نیب ترامیم کا پیر کو جائزہ لیکر منگل کو جواب دے گی۔ جب کہ نیب ترامیم پر حکومت اور اپوزیشن کی منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میٹنگ ہوگی۔ مجوزہ ترمیم میں کہا گیا ہے کہ 50 کروڑ روپے یا اس سے کم بدعنوانی کا مقدمہ نیب کے دائرہ اختیار سے نکال دیا گیا ہے، پانچ سو ملین سے کم کا مقدمہ اینٹی کرپشن کو دیکھنا چاہیے اور نیب عدالت کے پاس ضمانت کا اختیار ہونا چاہیے۔