لندن (نوائے وقت رپورٹ) لندن میں نواز شریف کے دانتوں کا معائنہ ہوا۔ ڈاکٹر عدنان نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دینے سے گریز کیا۔ ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق کوئی اپ ڈیٹ ہو گی تو میں خود بتا دوں گا۔ پنجاب حکومت کے خط کے جواب میں تفصیلی طبی خط جمع کرا دیا ہے۔ فراہم کردہ دستاویز سے نواز شریف کی صحت سے متعلق مکمل وضاحت ہوتی ہے۔ دستاویز‘ میڈیکل رپورٹس‘ ماہرین کی رائے‘ مستقبل کے مینجمنٹ پلان پر مبنی ہیں۔ رپورٹ میں میاں نواز شریف کی صحت سے متعلق پیچیدگیوں کا تذکرہ ہے۔ نواز شریف کو لمبے عرصے کیلئے علاج درکار ہے۔ نواز شریف کے پلیٹ لٹس کا معاملہ گائز اینڈ تھامس ہسپتال کے ماہرین دیکھ رہے ہیں۔ پلیٹ لیٹس کو کسی بھی صورت مستحکم نہیں کہا جا سکتا۔ نواز شریف کے دماغ اور دل کی شریانیں سکڑ چکی ہیں۔ رائل برومٹن ہسپتال میں نواز شریف کے دل ٹیسٹ ہوئے۔ دل کی بائیں شریانوں میں بلاکیج موجود ہے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے حوالے سے کہا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے دو مرتبہ کہا ہے کہ رپورٹس ناکافی ہیں۔ ان سے کہا گیا کہ نواز شریف کی تفصیلی رپورٹس دیں تاکہ فیصلہ کیا جا سکے۔ جاننا چاہتے ہیں کہ لندن میں نواز شریف کا کیا علاج ہو رہا ہے۔ رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ نواز شریف کا علاج مکمل ہو گا تو واپس وطن آئیں گے۔ پاکستان کے ہسپتالوں میں جو ٹیسٹ ہوتے تھے تو نتائج پوری دنیا کو پتہ چل جاتے تھے۔ برطانیہ کے ہسپتال ٹیسٹوں کے نتائج اس طرح شیئر نہیں کرتے۔ نواز شریف کی صحت سے متعلق لندن کے ڈاکٹرز نے جو بتایا وہ حکومت کو بتا چکے ہیں۔ نواز شریف کی صحت سے متعلق تمام رپورٹس حکومت کو جمع کرائی گئی ہیں۔ پنجاب حکومت اگر واپسی کا فیصلہ کرے گی تو یہ بدنیتی ہے۔ آپریشن کا فیصلہ بھی پنجاب حکومت نے نہیں وہاں کے ڈاکٹرز نے کرنا ہے۔ پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ اس حوالے سے کچھ ٹسٹس کی رپورٹس آ چکی ہیں کچھ کی آنی ہیں۔
نواز شریف کے دانتوں کا معائنہ‘ دماغ دل کی شریانیں سکڑ چکی ہیں: رپورٹ
Feb 01, 2020