لاہور(نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نیازی کو چاہئے کہ وہ آٹا اور چینی چوروں سے تحفے اور مفاد لینا بند کردیں۔ گندم و آٹا بحران پر ذمہ داران کے تعین کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خود اعتراف کیا کہ انہیں آٹے کی قیمت پر گمراہ کیا گیا۔ تلاش کیا جائے کہ درست تخمینے کے بجائے گندم کی پیداوار کس نے بڑھا چڑھا کر پیش کی۔ اور وزارت خوراک کی مخالفت کے باوجود ای سی سی نے گندم باہر بھجوانے کی اجازت کیوں دی؟۔ عمران خان نیازی کو چاہئے کہ آٹا اور چینی چوروں سے تحفے اور مفاد لینا بند کردیں اور قوم کو بتایا جائے کہ قیمت میں اضافے، آٹا اور گندم کے ذخیرہ اندوزی سے فائدہ اٹھانے والے کون ہیں؟۔ پنجاب اور وفاقی حکومت کی آنکھیں اس وقت کیوں بند تھیں جب مقامی مارکیٹ کا آٹا سمگل کیا جارہا تھا؟۔