اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر پر ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پاکستان میں کوئی بھی حکومت کشمیر پر کبھی سودے بازی نہیں کر سکتی، کشمیر کے معاملہ پر تمام سیاسی جماعتیں اور قوتیں یک زبان ہیں اور اس مسئلہ پر مکمل اتفاق رائے موجود ہے کشمیر کی جنگ طویل ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو کشمیر کمیٹی کے خصوصی اجلاس کو بتائی۔ کشمیر کمیٹی کا اجلاس وزارت خارجہ میں چیئرمین کشمیر کمیٹی سیّد فخر امام کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت سابق سفیروں، ماہرین اور افسران نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مودی کی انتہاء پسند پالیسیوں کی وجہ سے لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کشمیری عوام یک زبان ہو چکے ہیں۔ کشمیری نوجوان نسل کیلئے مودی کا کشمیر پلان ناقابلِ قبول ہے، مقبوضہ کشمیر میں ’’سب اچھا ہے‘‘ کے بھارتی دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے۔ یورپی پارلیمنٹ میں کشمیر کے حوالہ سے بحث بھارت کی ناکامی ہے، مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔ کشمیر کی جنگ ایک طویل جنگ ہے، بھارت بھی پاکستان پر دراندازی کا الزام نہیں لگا سکتا، کشمیر پر سب سے زیادہ آواز بین الاقوامی سطح پر یورپی اور امریکی پارلیمنٹ سے اٹھی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی فخرامام نے کہاکہ کشمیر کے معاملے پر ہم متحد ہیں اور کشمیر پر ایک ہی آواز ہے، پانچ فروری بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور، سینیٹرمشاہد اللہ خان بھی موجود تھے۔ بریفینگ میں کمیٹی ممبران و حریت کے نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔