بھیرہ حادثہ: 10 نعشیں ورثا کے سپرد‘ وین ڈرائیور گرفتار

سرگودھا‘ بھیرہ (نامہ نگاران) موٹروے پر ہونے والے گزشتہ روز کے دلخراش سانحہ کا مقدمہ بھیرہ پولیس نے موٹر وے سیکٹر 8 کے سینئر پٹرولنگ مظہر عباس کی مدعیت میں ہائی ایس ڈرائیور محمد یار کیخلاف درج کرلیا ہے۔10 افراد کی نعشیں شناخت اور قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ ایک نامعلوم نعش کو سرگودھا منتقل کیا گیا ہے۔وین ڈرائیور گرفتار کرلیا گیا۔ ایف آئی آر میں ڈرائیور کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے۔ وین تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو میں نہ رہی اور پول سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں آگ بھڑک اٹھی اور 11 مسافر لقمہ اجل بن گئے جبکہ 4 سالہ نا معلوم معصوم بچے سمیت 6 مسافروں کو زندہ بچا لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ زندہ جل جانے والے مسافروں میں 2 جوڑے فیصل آباد کے احسن محمود اور ان کی اہلیہ منیر اختر۔ محمد اعظم اور ان کی اہلیہ روبینہ بھی شامل ہیں۔ دیگر جل کر جاں بحق ہونے والوں میں انور خان چترال، طارق محمود کوٹ حاکم خان بھیرہ حال اسلام آباد، صدیق مالاکنڈ، زہرا بی بی، امداد علی فیصل آباد، ریاض مسیح فیصل آباد اور ایک نامعلوم شامل ہیں۔ 10 افراد کی نعشیں شناخت اور قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ ایک نامعلوم نعش کو سرگودھا منتقل کیا گیا ہے۔ ویگن ڈرائیور دیار خان کے علاوہ گاڑی مالک اور ٹرانسپورٹ اڈا منیجر کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن