اسلام آباد(نیوزرپورٹر)سابق وزیر داخلہ سینیٹر عبدالرحمان ملک نے کہا ہے کہ چین سے پوری دنیا نے اپنی کمیونٹی کو واپس بلا لیا ہے، پاکستان بھی اس حوالے سے اقدامات کرے، عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی جس کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین میں کرونا وائرس پھیلنے کے باعث پوری دنیا نے بروقت اپنی کمیونٹی کو واپس بلایا، حکومت پاکستان کو چاہئے کہ چین میں قیام پذیر پاکستانی کمیونٹی اور طلباء کو وطن واپس لایا جائے۔ پاکستانی طلباء کے والدین پریشان ہیں، ان کو مطمئن کیا جائے، میں نے اس حوالے سے وزارت خارجہ سے رپورٹ مانگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سمجھتی ہے کہ اگر چائنہ میں قیام پذیر طلباء و کمیونٹی پاکستان آئی تو کرونا وائرس پاکستان آجائے گا، اس حوالے سے حکومت کا درست فیصلہ ہے لیکن طلباء کے والدین کو مطمئن کرنے کے لئے وزارت خارجہ میں سیل قائم کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں آئے روز مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، کوئی حکومتی شخصیت اس حوالے سے کام نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ اپنی سفارتی و اخلاقی حمایت کو جاری رکھے گا، مودی کے آر ایس ایس نظریئے کو پوری دنیا نے دیکھ لیا، اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کی رائے کے مطابق آزادی دی جائے۔