کراچی (نیوزرپورٹر )ملت تشیع کی سیاسی و مذہبی نمائندہ تنظیموں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں ۹فروری کو نشترپارک میں’شہید قدس قاسم سلیمانی کے چہلم کی مناسبت سے جلسے کا اعلان کردیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امریکا نے اپنا غلبہ قائم رکھنے کے لیے پوری دنیا کو عدم استحکام کا شکار کر رکھا ہے، مغربی ایشیا میں مقاومتی بلاک نے امریکی منصوبوں کو شکست دی، جس کے بعد امریکا اپنے ناپاک عزائم کو پاکستان میں کامیاب بنانے کے لیے بے چین ہے۔پاکستان میں سیاسی و معاشی بحران، امن وامان کی ناگفتہ بہ صورتحال، موجودہ حکومت کے ممکنہ زوال اور ریاستی اداروں کے درمیان اختیارات کی جنگ کی ذمہ دار وہ عالمی استکباری اسٹیبلشمنٹ ہے جو پس پردہ رہ کر خطے کے ممالک میں جغرافیائی تبدیلیاں اور تشکیل نو چاہتی ہے۔امریکا اپنے تسلط کی راہ میں مقاومتی بلاک، چائنا اور روس کو شدید خطرہ سمجھتا ہے اور اس کی ساری منصوبہ بندی انہی قوتوں کو سرنگوں کرنے کے لیے ہے۔وہ اس پورے خطے کو داخلی و خارجی بحرانوں میں الجھائے رکھنا چاہتا ہے۔