گزشتہ چند دنوں سے ملک میں آٹے کے بحران نے سر اٹھایا ہے۔ عوام دشمن عناصر نے ناجائز منافع کمانے کے چکر میں آ کر آٹے کی نہ صرف قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے بلکہ آٹے کی سپلائی روک کر عام آدمی کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ چند روپوں کی خاطر سرکاری اہلکار بھی ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ یہ عناصر حکومت کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حالات کا نوٹس لیتے ہوئے آٹے کے بحران کے خاتمے کیلئے حکومتی مشینری کو متحرک کیا ہے اور ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے فرائض میں غفلت برتنے اور بے ضابطگیوں میں ملوث محکمہ خوراک کے 4 افسران کو انکے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر آٹے کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے پنجاب کے مختلف شہروں میں آٹے سپلائی کے 482سیل اور 207 ٹرکنگ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ آٹے کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کیلئے مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔ سرکاری گندم کا آٹا اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنیوالی فلور ملوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ 1137فلور ملوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 14 کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ 88 فلور ملوں کے لائسنس معطل کرنے کے علاوہ 553 فلور ملوں کا گندم کا کوٹہ معطل کیا گیا ہے۔ حکومت نے 10 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 402.5روپے جبکہ 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 805 روپے مقرر کی ہے۔ عوامی شکایات کے اندراج اور ازالہ کیلئے ٹال فری نمبر 0800-60606 کا آغاز کیا ہے۔ شہری آٹے کی عدم دستیابی یا زائد قیمت وصولی کی صورت میں ٹال فری نمبر پر اطلاع دے سکتے ہیں۔ ٌٔخیبرپختونخوا میں گندم و آٹے کی قلت کو دور کرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر اضافی گندم روزانہ کی بنیاد پر بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جب بھی کسی صوبے میں کوئی بحران پیدا ہوا تو پنجاب نے بڑے بھائی کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے وسائل سے ہر ممکن مدد کی ہے۔ کے پی کے میں آٹے کے بحران سے نمٹنے کیلئے پنجاب نے روزانہ کی بنیاد پر کے پی کے کو گندم بھجوانے کا جو اعلان کیا ہے وہ خوش آئند اور قابل تحسین ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھانہ سٹی جڑانوالہ کا اچانک دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے حوالات میں بند ملزموں سے ہاتھ ملایا اورانکے مسائل پوچھے۔وزیراعلیٰ نے تھانے کے مختلف حصوں کاجائزہ لیا اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیا۔انہوںنے کہا کہ حوالات میں بند ملزموں کوقواعد و ضوابط کے مطابق سہولتیں ملنی چاہیے جو ان کاحق ہے ۔وزیراعلیٰ نے شکایات پر ایس ایچ او تھانہ سٹی جڑانوالہ کو معطل کر دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال جڑانوالہ کا بھی اچانک دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں فراہم کی جانیوالی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جڑانوالہ کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو اپ گریڈ کیا جائیگا۔بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارجڑانوالہ سے اچانک سمندری پہنچ گئے۔آٹا سیل پوائنٹ اورتحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال کادورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیل پوائنٹ پر شہریوں میں خود آٹے کے تھیلے تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ نے آٹے کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمندری کا دورہ کرکے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اوردستیاب طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کے مسائل بھی پوچھے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی حکومت کے دور میں صوبے میں کفایت شعاری اوربچت کی پالیسی کیلئے عملی اقدامات کیے گئے ہیں اوروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر وزیراعلیٰ آفس کے اخراجات میںکئی گناکمی کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے دور میں مالی سال 2018-19 میں گاڑیوں کی مرمت کی مد میں 2 کروڑ 93 لاکھ روپے خرچ کئے گئے جبکہ مالی سال 2019-20 (دسمبر تک) گاڑیوں کی مرمت کی مد میںصرف71 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ7کلب روڈ پر پردوںکی تبدیلی میں بھی کفایت شعاری سے کام لیاگیا۔