چین میں کورونا وائرس پھوٹ پڑنے کے بعد شہر ووہان سے جاپانی باشندوں کو لانے والا ایک اور ہوائی جہاز ٹوکیو پہنچ گیا ہے۔ یہ گذشتہ ہفتے کی تیسری پرواز تھی۔مذکورہ چارٹرڈ ہوائی جہاز ووہان سے 149 لوگوں کو لے کر جمعہ کی صبح ہانیدا ہوائی اڈّے پر پہنچا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ 10 لوگوں کو ہوائی اڈّے سے ایمبولینس کے ذریعے لے جایا گیا۔وہ مسافر جن میں بیماری کی کوئی علامات نہیں تھیں انہیں وائرس کے معائنے کیلئے دیگر طبّی اداروں میں بھیج دیا گیا۔ یہ لوگ اپنے معائنوں کے نتائج کے انتظار کیلئے ہوٹلوں اور سرکاری مراکز میں منتقل ہو گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 300 افراد جو ابھی تک ووہان میں ہیں، انہوں نے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ واپس جاپان جانا چاہتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے چوتھی پرواز بھیجنے کیلئے چین کی حکومت کے ساتھ انتظامات کر رہے ہیں۔