واشنگٹن(اے پی پی)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے نتیجے میں سامنے آنے والے بحران سے عالمی سطح پر آئندہ پانچ سال کے دوران 22 ٹریلین ڈالر نقصان کا امکان ہے۔یہ بات آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر آف ریسرچ گیتا گوپی ناتھ نے اپنے بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں محدود پیمانے پر اقتصادی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں، 2021 کے دوران 150 سے زیادہ ممالک کی فی کس آمدنی 2019 کی سطح سے کم رہنے کی توقع ہے،2022 میں ایسے ممالک کی تعداد کم ہوکر 110 تک رہ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے نتیجے میں 2025 تک مجموعی طور پر 22 ٹریلین ڈالر کے نقصان کا اندازہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ2020 کے دوران عالمی اقتصادی شرح نمو میں 3.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، رواں سال عالمی جی ڈی پی کی شرح نمو 0.3 فیصد بڑھ کر 5.5 فیصد رہنے کی توقع جبکہ 2020 میں اس کی شرح 4.2 فیصد رہنے کا امکان ہے۔