کوٹ رادھا کشن+شیخوپورہ+فاروق آباد+صوابی(نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگاران +نمائندگان خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) کوٹ رادھا کشن میں دو موٹر سائیکلوں میں تصادم دو افراد جاں بحق جبکہ شیخوپورہ میں سرگودھا روڈ دھنت پورہ کے قریب ایک تیز رفتار آئل ٹینکر نے موٹرسائیکل کوٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک خاتون اور بچہ شدید زخمی ہوگئے۔ ادھرسوات ایکسپریس وے ٹریفک حادثہ میں4افراد جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق کوٹ رادھاکشن کا رہائشی 17 سالہ چاند موٹر سائیکل پر سوار ہو کر رائیونڈ کی طرف جا رہا تھا کہ گریڈ سٹیشن کے سامنے سے آنے والی تیز رفتار موٹر سائیکل سوار 20 سال شاہد سے ٹکراگیا۔ جس کے باعث شاہد اور چاند دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ادھرشیخو پورہ میں محمدریاض ،30 سالہ نذیراں بی بی ، 6 سالہ چاند ،اور 4 سالہ اسرار کے ہمراہ فاروق آباد کی طرف جارہے تھے جب آئل ٹینکر نے ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں محمد ریاض اور چاند موقع پر ہی جاںبحق ہوگئے جبکہ نذیراں بی بی اور اسرار شدید زخمی ہوگئے۔ادھر ریسکیو حکام کے مطابق سوات ایکسپریس وے پر دو کاروں میں تصادم ہو گیا۔ ٹریفک حادثہ میں 4 افراد جاں بحق اور3زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ژوپ مین ڈی آئی خان قومی شاہراہ کے مقام پر کار گہری کھائی میں گر گئی، حادثے میں 2افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔نعشیں تحقیقات کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ گزشتہ روز نواحی قصبہ واصو (جھنگ ) کے رہائشی دو بھائی ربنواز اور حق نواز جو کہ لیہ روڈ پر علاقہ کوٹ آرائیاں میں واقع بھٹہ خشت پر کام کرتے تھے صبح کے وقت کام پر جارہے تھے،جب اٹھارہ ہزاری سے گڑھ موڑ کی جانب جانیوالی ایک تیزرفتار کار نے انہیں کچل دیا جو دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔سیدوالا میں کار اور موٹر سائیکل کے تصاد م کے دوران ماں بیٹا سمیت 3افراد جابحق جبکہ 4افراد شدید زخمی ہو گئے،گزشتہ روز تقریباََدوپہر 12بجے سیدوالا بچیکی روڈ پر گائوں ملکہ حاجی کے بالمقابل ایک کار اور موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث آپس میں آمنے سامنے سے ٹکرا گئے ۔ ننکانہ صاحب کے علاقے بچیکی سیدوالا روڈ پر ایک تیز رفتار کار اور موٹر سائیکل آپس میں ٹکراگئے جس کے نتیجہ میں 45سالہ نامعلوم شخص اور 15سالہ نوجوان موقعہ پر ہی دم توڑ گئے۔