سرگودھا‘ بھلوال‘ لاہور (نامہ نگار‘ خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ایک خاندانوں کی سیاست کرتی اور دوسری مہمانوں کا جمگھٹا ہے یہ مہمان اداکار بھی بھاگ جائیں گے جبکہ عمران خان ہو یا نواز شریف دونوں فوجی گملوں کی پیدا وار ہیں۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے سرگودھا کمپنی باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی سابقہ وموجودہ حکمرانوں سمیت سب کا بلاتفریق احتساب چاہتی ہے، لٹیروں کو قرار واقعی سزا اور قومی دولت برآمدگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا مہنگائی بے روزگاری کا رونا رونے والوں کو حکمران گھبرانا نہیں کی تسلیاں دینے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے اقتدار سنھبالتے ہوئے ریاست مدینہ کی باتیں کرتے ہوئے گورنر ہاؤسز کو یونیورسٹی بنانے، 50 لاکھ کو گھر دینے، ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کے دعوے کئے جن میں ایک بھی پورا نہ ہونے پر تعلیم یافتہ ڈگریاں جلا کر حکمرانوں کو خوابوں کی دنیا سے نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا پیغام گھر گھر پہنچانے کی ضرورت ہے سب کو آزمانے کے بعداب قوم کو جماعت اسلامی کے ذمہ داران، نوجوان اور علمائے کرام سے امیدیں وابستہ ہیں۔ انشاء اللہ ہم پاکستان کو حقیقی طور پراسلامی مملکت بناکر ہرطبقہ ہر قوم ہر علاقے کے عوام کوان کا حق دیں گے۔ عوام نے سب کو آزمالیا۔ سب نے بدعنوانی، مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ کیا۔ اب جماعت اسلامی رہ گئی ہے انشاء اللہ جماعت اسلامی حالات کو ٹھیک اور نظام کو تبدیل کر سکتی ہے۔ موجودہ حکومت میں عوام کے مسائل مشکلات پریشانی بے روزگاری اور مہنگائی میں بدترین اضافہ کرکے غریب کم آمدنی والے افراد کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے۔ بلوچستان کے عوام شدید مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہیں جن کے پاؤں تلے پہاڑوں میں سونا چاندی ہے۔ جہاں شدید سردی میں سات روز کھلے آسمان تلے نعشیں رکھی گئیں اور عمران خان بلیک میل کرنے کی باتیں کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی حکمرانی ہی ہمارے مسائل کا علاج ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ قرارداد مقاصد، آئین پاکستان کی رہنمائی کو اس کی روح کے مطابق نافذ کیا جائے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں پاکستان کو اسلامی پاکستان بنانا ہماری منزل ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ اسلام کا معاشی نظام نافذ کیا جائے، سود کاخاتمہ کرتے ہوئے قرضوں کی بیساکھیوں اور کشکول توڑا جائے۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے ہاتھوں میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ہتھکڑیاں ہیں۔ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے ملک سے غداری کی۔ دو فیصد اشرافیہ نے 98فیصد عوام کو غلام بنا رکھا ہے۔ اس نظام سے بغاوت کا اعلان کرتا ہوں۔ عوام صاف پانی سے محروم، مہنگائی اور بے روزگاری نے زندگی اجیرن بنا دی۔ حکومت وہی کرتی ہے جو عالمی مالیاتی ادارے کہتے ہیں۔ غریب مزدور اور کسان کی کوئی بات نہیں کرتا۔ ملک پر شہزادے اور شہزادیوں کی طرح حکومت کرنے والوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ ان کے اقتدار کا سورج غروب ہونے والا ہے۔ مہمان اداکاروں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ جلسہ میں خواتین، بزرگوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے قومی و جماعت اسلامی کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ انھوں نے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور سینیٹر سراج الحق سے بھرپور آواز میں اظہار یکجہتی کیا۔ شرکا سے امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر گوندل نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ جب کہ عوام ذہنی کرب سے گزر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاست سے الگ رہنے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کہ دونوں کے ایجنڈے میں عوام کی فلاح و بہبود شامل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی آپس کی لڑائی میں عوام کا براحال ہو گیا ہے۔ مہنگائی کا جن بے قابوہو گیا ہے۔ حکومت نااہل ہے اور اس کے پاس مسائل کے حل کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ملک کو مغلیہ سلطنت کی طرح چلانے والے اشرافیہ کے خلاف علم بغاوت بلند کیا جائے۔ جماعت اسلامی واحد آپشن ہے اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ سے ہی عوام کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ جماعت اسلامی سٹی و تحصیل بھلوال کے زیر اہتمام جلسہ سرگودھا میں شمولیت کیلئے ذمہ داران وکارکنان کی بھرپورانداز میں شرکت، مردوں، خواتین کارکنان کی سرگودھا جلسہ میں شرکت‘ سراج الحق کی سرگودھا آمد کے موقع پر منعقدہ جلسہ میں شرکت کیلئے نائب امیر صوبہ ڈاکٹر مبشر احمد، سٹی بھلوال اور تحصیل بھلوال کے ذمہ داران مولانا ضیاء الرحمن قاسمی، شریف شاہین اور چوہدری میسراحمد گجر کی قیادت میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ سرگودھا جلسہ روانگی کیلئے قافلہ تھانہ چوک بھلوال سے روانہ ہوا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ذمہ داران محمد صدیق، محمد ارشد نعیم، حفیظ اللہ گوندل، محمد ارشد کمبوہ سمیت دیگران قافلہ میں شریک تھے۔ جماعت اسلامی سے وابستہ خواتین کارکنان نے بھی سرگودھا جلسہ میں بھرپور انداز میں شرکت کی۔