لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے حکمرانوں کا منہ کالا کردیا ہے۔ احتساب کے ادارے نے جھوٹ بولنے کے سوا کوئی ریکوری نہیں کی۔ آپ لوگوں کا کاروبار تباہ کرتے ہیں۔ قبضہ گروپوں کی جو لسٹ جاری کی اس میں مسلم لیگ (ن) کے لوگوں کے نام ہیں۔ ان سب کے باوجود بھی مسلم لیگ (ن) کا ایک آدمی بھی توڑ نہیں سکے۔ یہ کیسا نیا پاکستان ہے جہاں عوام سے روٹی چھین لی گئی ہے۔ آپ سے اپوزیشن ختم نہیں ہو گی۔ آپ کے خواب میں پی ڈی ایم دن رات آتی ہے۔ اللہ کی لاٹھی سے کیسے بچو گے۔ وہ ماڈل ٹائون میں لیگی رہنما ایاز صادق اور عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔ اس ملک میں چار مارشل لاء لگے ہیں لیکن اس حکومت سے بڑھ کر کوئی مارشل لاء نہیں دیکھا۔ آپ بدنیت ہیں، ملک میں انتشار پیدا کررہے ہیں۔ حکومت نے ریاستی اداروں کا بدترین استعمال کیا۔ آج وہی سول سرونٹ ہیں جہنوں نے پنجاب اور وفاق میں کام کیا۔ بزدل بیوروکریٹ ان کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پہلی بار قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی کو حکومت نے کام کرنے سے روکا۔ براڈشیٹ کا معاملہ حکومت کمیٹی میں زیر بحث لانے کیلئے روک رہے ہیں۔ ماضی میں عمران خان اسی ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ لہرایا کرتے تھے۔ آج قوم ان کی حقیقت جان چکی ہے۔ ثاقب نثار نے جب فیصلہ کیا وہ بھول گئے کہ عمران خان کے گھر کا بے نامی اجازت نامہ ہے۔ زمان پارک کی رہائش گاہ پر کروڑوں کا جو خرچہ ہوا اس کا بھی جواب دیں۔ مسلم لیگ (ن) نیب قانون تبدیل نہیں ہونے دے گی۔ ایاز صادق نے کہا کہ ہم نے بھگت لیا اب یہ تیار ہو جائیں۔ ہم نواز شریف کے ساتھی ہیں‘ کوئی نہیں گھبرایا۔ ان شاء اﷲ سب نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ہم تو شاید بدلہ نہ لے سکیں۔ لیکن اﷲ تعالیٰ کی ذات پر مکمل یقین ہے۔ بتائیے زمان پارک پر خرچ آنے والے کروڑوں روپے کہاں سے آئے۔ عطاء اﷲ تارڑ نے کہا کہ شہزاد اکبر کے چھوٹے بھائی قبضہ کرنے گئے تو چار افسران کو تبدیل کیا گیا۔ قبضہ مافیا کی ابتدا آپ کی جماعت سے ہوئی۔ ہمارا مطالبہ ہے شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر سے حساب لیا جائے۔ پولیس کو غیرسیاسی بنانے کا دعویٰ کرنے والی جماعت آج کتنے ہی آئی جی بدل چکی ہے۔ شہزاد اکبر تو شاید فیملی کے ساتھ سپین چلے جائیں۔ ہمیں اسی ملک میں رہنا ہے۔ آپ کا نام انشااﷲ ای سی ایل لسٹ میں ہوگا۔ شہزاد اکبر اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں۔
ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے حکمرانوں کا منہ کالا کر دیا‘ نیب نے کوئی ریکوری نہیں کی: مسلم لیگ (ن)
Feb 01, 2021