کرونا ویکسین آبادی کم کرنے کی سازش: ٹرمپ حامی، سنٹر بند کرا دیا

لاس اینجلس (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں مشتعل مظاہرین نے ڈوجر سٹیڈیم میں کرونا سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ملک کے سب سے بڑے مرکز کو یہ کہہ کر بند کرا دیا کہ یہ ویکسین آبادی کو کم کرنے کی اشرافیہ کی ایک سازش ہے۔ مظاہرین کرونا سینٹر پر جمع ہوئے اور ویکسی نیشن کو سازش قرار دیتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین میں زیادہ تعداد ٹرمپ کے حامیوں کی تھی جنہوں نے پلے کارڈز اْٹھا رکھے تھے جن میں درج تھا کہ کرونا ویکسی نیشن آبادی پر قابو پانے کی ملکی اشرافیہ کی ایک سازش ہے۔ مظاہرین نے ویکسی نیشن کو بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ مظاہرے میں شامل ایک شخص نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ کوئی ویکسین نہیں ہے، یہ سینٹر ذبیحہ خانہ ہے یا ایک تجربہ گاہ ہے جہاں ہم سب کو چوہا بنایا گیا ہے جن پر سائنسی ریسرچ کی جائے گی۔ دوسری جانب امریکی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ کرونا سینٹر کو محض ایک گھنٹے کے لیے بند کیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن