اسلام آباد ( جاوید صدیق) عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کرونا وائرس کی ابتداء کی وجوہ جاننے کے لئے چین کے شہرووہان کی اس مارکیٹ میں پہنچ گئے ہیں جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ کوویڈ 19- اس ہول سیل فوڈ مارکیٹ سے پھیلا تھا۔اس ہول سیل فوڈ مارکیٹ میں اشیائے خوراک کولڈ چین پراڈکٹس کے ذریعہ پہنچی تھیں۔ چینی اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کی ٹیم پیٹربن ایمبارک کی قیادت میں دوہان کی سی فوڈ مارکیٹ ’’سمندری خوراک‘‘ فروخت کرنے والی مارکیٹ کا دورہ کررہی ہے اس مارکیٹ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ کرونا وائرس اس مارکیٹ سے پھیلا تھا۔ یہ مارکیٹ کوویڈ 19- پھیلنے کے بعد بند کر دی گئی تھی۔ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے چینی اخبار گلوبل ٹائمز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان جگہوں کا دورہ کرنا چاہتے ہیں جہاں سے وباء کا آغاز ہوا یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کن جانوروں کی خوراک سے یہ وباء پھیلی۔ عالمی ادارہ صحت کے ماہرکا کہنا ہے کہ ہم سی فوڈ مارکیٹ کے ان تاجروں سے بھی بات چیت کرنا چاہتے ہیں جو وباء پھیلنے کے وقت وہاں موجود تھے۔