محکمہ فنانس سندھ گریڈ 1سے15 تک کے ملازمین کو ٹائم اسکیل دینے میں رکاوٹ

کراچی(نیوز رپورٹر) محکمہ فنانس سندھ نے وزیر اعلی سندھ کے احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیئے ،  گریڈ1سے گڑید15کے ملازمین کو ٹائم اسکیل دینے کی سمری نہ صرف دبالی بلکہ معاملے پر بھی ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے جس کی وجہ سے سندھ بھر کے70ہزار سے زائد پیرا میڈیکل اسٹاف اور سپورٹنگ اسٹاف متاثر ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلی سندھ نے محکمہ صحت کے پیرا میڈیکل اسٹاف اور سپورٹنگ اسٹاف کو ٹائم اسکیل دینے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت ایک سال قبل دی تھی مگر محکمہ فنانس سندھ اس راہ میں رکاوٹ بن گیا۔سیکریٹری صحت سندھ ،وزیر صحت سندھ ، چیف سیکریٹری کی جانب سے سمر ی کی منظوری کے باجوود محکمہ فنانس سندھ آڑے آگیا۔ معلوم ہوا ہے کہ محکمہ صحت نے سندھ کے70ہزار سے زائد پیرا میڈیکل اسٹاف اور سپورٹنگ اسٹاف کو ٹائم اسکیل دینے کی سفارش کی تھی جس کے بعد محکمہ صحت سندھ نے بیسک پے اسکیل بی پی ایس1سے بی پی ایس 15کے پیرا میڈیکل اسٹاف اور سپورٹنگ اسٹاف کیلئے ٹائم اسکیل کا اسٹرکچر مرتب کیا تھا جس میں 10سال ،15سال،20سال اور25کی مدت ملازمت پوری کرنیوالے ملازمین کو ٹائم اسکیل دینے کی سفارش کی گئی تھی اس سمری کی منظوری سیکریٹری ہیلتھ ، وزیر صحت اور چیف سیکریٹری سندھ نے بھی دیدی تھی جس کے بعد سمری منظوری کیلئے وزیر اعلی سندھ کو ارسال کی گئی جس پر وزیر اعلی سندھ نے معاملے پر مشاورت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے محکمہ فنانس سندھ کو بھیج دیا جس کے بعد محکمہ فنانس نے چمک نظر نہ آنے پرسمری کو التواء میں ڈال دیا۔ذرائع نے بتایا کہ محکمہ فنانس سندھ ٹائم اسکیل کا بجٹ ریلیز کرنے سے گریز کر رہا ہے۔دوسری جانب محکمہ فنانس کے ذرائع کا کہنا ہے محکمہ صحت کی جانب سے انہیں سمری تو موصول ہو گئی ہے مگر کچھ قانونی پیچیدگیوں کے سبب فوری پیش رفت ممکن نہیںاور قواعد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بجٹ جاری نہیں کیا جا سکتا کیوں کہ اس مد میں کروڑوں روپے جاری کرنے پڑیں گے۔دوسری جانب محکمہ صحت نے ایک ہفتے قبل پیرا میڈیکل اسٹاف اور سپورٹنگ اسٹاف کو ٹائم اسکیل جاری کرنے کے حوالے سے ایک بار پھر سمری مرتب کی ہے جس میں وزیر اعلی سندھ کی جانب سے 12جنوری2020ئکو دی گئی ہدایت کا حوالہ دیا گیا ہے۔محکمہ صحت سندھ کی جانب سے مرتب کی گئی سفارش میں کہا گیا ہے کہ بیسک پے اسکیل گریڈ1میں25 سال کی مدت ملازمت کے حامل ملازمین کو گریڈ7کا ٹائم اسکیل دیا جائے جبکہ گریڈ 2کو گریڈ8کا پے اسکیل ،گریڈ3کو 9، گریڈ4کو 10، گریڈ5کو11،گریڈ6کو14،گریڈ7کو15،گریڈ8کو16،گریڈ9اور10کو 17،گریڈ11سے13کو 18گریڈ اور گریڈ14و15کو گریڈ19کا ٹائم اسکیل دیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن