لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری اورسینیٹر کامل علی آغانے کہا ہے کہ بھارت میں ہراقلیت کوفسطائیت اوربربریت کاسامنا ہے۔پاکستان میں مسیحیوں ،ہندوئوں اورسکھوں سمیت ہراقلیت کے لوگ مذہبی ،سیاسی اورسماجی طورپرپوری طرح آزاد اورقومی دھارے میں شامل ہیں۔سندھ سے بھارت میں منتقل ہونیوالے ایک سوہندوخاندانوں کی پچھلے دنوں اپنی مرضی ومنشاء اور خوشی سے پاکستان واپسی انہیں یہاں دستیاب سہولیات اوربنیادی حقوق پراعتماد کااظہار ہے۔وہ مسلم لیگ ہائوس میں مختلف پارٹی وفود سے بات چیت کررہے تھے۔سینیٹر کامل علی آغا نے مزید کہا کہ بھارت میں انسانوں کے بنیادی حقوق بری طرح پامال جبکہ مسلمانوں سمیت دوسری اقوام کے عبادت خانے مسمار ہورہے ہیں۔بھارتی سکیورٹی اہلکار کا احتجاجی تحریک میں شریک کسان کی گردن اپنے بوٹ سے دبانا انسانیت کی تضحیک اورقابل مذمت ہے۔