بہاولپور‘ خان پور‘ جام پور(نیوز رپورٹر‘ نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی) بہاولپور‘ خان پور‘ جام پور سمیت مختلف شہروں میں کشمیریوں کے حق میں آل پارٹیز کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا، مقررین نے کشمیریوں کے لئے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔ بہاولپور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید ذیشان اختر نے کہاکہ کشمیر کی آزادی معاشی، قومیت یا علاقائیت کا مسئلہ نہیں یہ نظریاتی جنگ ہے۔ ہم خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ بھارت نے پاکستان پر تین جنگیں مسلط کیں اور کشمیریوں کی نسل کشی کے لیے 70سال سے جارحیت کررہاہے مگر عالمی برادری نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں مگرپاکستانی قوم ایک جرأتمندقوم ہے۔ انڈیا کو سمجھ لیناچاہیے کہ یہ قوم اب اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور اپنے کشمیری بھائیوں پر ہونے والے ایک ایک ظلم کا حساب چکائیں گے ۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اختر عباسی اور عمران بھنڈر نے کہاکہ اقوام متحدہ نے بھارتی ظلم و جبر پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ اسی یواین او نے مشرقی تیمور، جنوبی سوڈان اور پاکستان کو دولخت کرنے میں بڑی مستعدی کا مظاہرہ کیا۔ کشمیر پر اقوام متحدہ اندھی بہری اور گونگی ہو چکی ہے۔ق لیگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری طارق مجید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی طاقتیں اور تنظیمیں بھارت سے کشمیر کی آزادی کے لیے اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق عمل درآمد کرائیں۔مرکزی چیئر مین کسان بورڈ پاکستان جام حضور بخش لاڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کے لیے ایک آتش فشاں بن چکاہے جو کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے ۔جمعیت اہلحدیث کے رہنماء میاں سیف اللہ اور جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا صہیب احمدنے کہا کہ وادی میں اہل کشمیر پر ہندوستان نے ریاستی دہشت گردی کی انتہا کردی ہے۔اس موقع پر فخرالرحمن اظہر افضل محمود ، صاحبزادہ فرخ رفیع عباسی، جاوید رضا ریمنڈ، مفتی محمد کاشف، علی ساگر، عون جھنڈوی، اکرم انصاری ، نصراللہ ناصر نے بھی خطاسب کیا۔خان پور میں آل پارٹیز کشمیر یکجہتی کونسل کے زیراہتمام مرکز اہل حدیث میں جمعیت اہلحدیث کی میزبانی میں آل پارٹیز یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عامر صدیقی، ممبر پنجاب اسمبلی حاجی محمد ارشد جاوید، خواجہ محمد ادریس حاجی مقبول احمد بھٹی، مفتی محمد اسعد درخواستی، صدر بار حافظ میاں سمیع اللہ میاںعبدالرحمان صدیق دین پوری، ڈاکٹرجام فیصل جمیل، چوہدری عبدالمجید گجر، محمد زبیرسبحانی، پروفیسر عطاء محمد قریشی، فرحان کمبوہ، ناصرہاشمی، قاری معاویہ قادر ڈاہر، ڈاکٹر محمد یوسف، حافظ آصف شاہین، رانا محمد فیصل، حافظ محمداصغر سلفی، چوہدری عامر اشتیاق، شاہد اقبال جتوئی، حافظ عزیر احمد، مرید احمد راغب، علی تراب بھلر، قاری فاروق احمد، جمیل احمد درانی، قاری مجیب الرحمان،خواجہ راشد ایوب اور رائو محمداسلم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان سندھ طاس معاہدہ کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے جہلم اور دریائے چناب پر جموں کے قریب سلال اور بگلیار کے مقام پر ڈیم بناکر پاکستان کو بنجر اور صحرا بنانے کی بھرپور کوشش کررہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری دنیا میں پاکستان کے سفارت خانوں میںکشمیر ڈیسک بنائے جائیں اور ہندوستان کی فوج کی جانب سے نہتے مظلوم اور بے بس کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و بربریت اور تشدد کو انٹرنیشنل میڈیا کے ذریعے بھرپور سفارتی کوششیں کی جائیں۔ جام پور میں مصالحتی و امن کمیٹی کے زیر اہتمام مدرسہ ابوحنیفہ میں آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام مسالک کے علماء کرام،سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، تاجر برادری اورصحافیوں نے شرکت کی اور 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور انداز سے منانے کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں اس موقع پرکنونئیر ضلعی مصالحتی و امن کمیٹی علامہ قاری محمود احمد قاسمی،مولانا یسین شاکر،مولانا عبد الصمد درخواستی،صدر پاکستان علماء کونسل جنوبی پنجاب قاری عزیز اکبر قاسمی،ضلعی امیر اہلسنت جماعت قاری خورشید احمد،مفتی ارشاد احمد حقانی،عبدالمالک قریشی،پروفیسر عبدالاحد رحمانی، ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کشمیری مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد کو ظلم وجبر سے ہرگزنہیں دبا سکتا،ہر پاکستانی کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔