ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں جتنی جماعتیں اتنے بیانیئے۔ پی ڈی ایم میں یکسوئی نہیں۔ پی ڈی ایم کا موقف تضادات سے بھرا ہوا ہے۔ پی ڈی ایم حکومت کو گھر بھیجنے چلی تھی اور اب اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے۔ پی ڈی ایم کے غیر فطری اور مصنوعی اتحاد کی قلعی کھل چکی ہے۔ پی ڈی ایم کے اندر خاصی بے چینی ہے۔ پی ڈی ایم کا شیرازہ بہت جلد بکھرنے کو ہے۔ پی ڈی ایم سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پی ڈی ایم پارلیمنٹ میں عدم اعتماد تحریک لانے کا شوق پورا کرے۔ ہم اور ہمارے حلیف تحریک عدم اعتماد کا سیاسی، جمہوری اور پارلیمانی انداز میں مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔ کرونا ویکسین لینے پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین روانہ ہوگیا ہے۔ کل صبح اسلام آباد ایئر پورٹ پر چین کے سفارتی عملے کے ہمراہ خود ویکسین کو رسیو کرونگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو‘ تقریبا ت سے خطاب‘ وفود سے ملاقات اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے پی ٹی آئی ورکروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ڈینیل پرل کیس کے حوالے سے حکومت نے نظر ثانی اپیل دائر کردی ہے۔ امید ہے ڈینل پرل کے خاندان کو انصاف ملے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا افغانستان میں امن نہ صرف خواہش ہے بلکہ ترجیح بھی۔ ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں امن واستحکام ہو کیونکہ افغانستان میں امن ہوگا تو خطے میں امن ہوگا۔ انہوں نے کہا بھارت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے کوئی امکانات نہیں ہیں اور نہ ہی بھارت کے ساتھ بیک ڈورچینل رابطہ ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق بری طرح پامال کیے جارہے ہیں۔ گذشتہ سترہ ماہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر کو جیل میں بدل دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا جس قدر مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے آج متحرک ہے اتنا ماضی میں کبھی نہیں رہا۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں جس طرح بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں ایسا پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا۔ رائے عامہ بننے میں وقت لگتا ہے۔ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے سفارتخانوں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سفارتی محاذ کے ساتھ معاشی سفارتخانی کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔ تاکہ بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کو پاکستا ن میں سرمایہ کاری کیلئے ترغیب دی جا سکے۔ انہوں نے کہا براڈشیٹ کے حوالے سے ہم چاہتے ہیں کہ شفاف تحقیقات ہوں۔ یہ معاہدہ کب ہوا کس نے کیا؟ پی ٹی آئی اس کی ذمہ دار نہیں۔ جب انکوائری کمشن بیٹھے گا تو سب کچھ بے نقاب ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاآج مہنگائی مسلم لیگ نواز کا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہاسعودی عرب کے ساتھ ہمارے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب نے ہمیں بیلنس آف پے منٹ میں اور تیل کی فراہمی میں معاونت کی۔ ہم سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ انہوں نے این اے 156 کے 7 پارکس کا دورہ کیا۔ جن میں البدر پارک شاہ رکن عالم ‘ نیو ملتان میں زیڈ بلاک ‘ مدنی پارک ‘ ٹی بلاک میں کھجی پارک ‘ کے بلاک شاہ رکن عالم پارک ‘ عثمانیہ پارک ایس بلاک اور عمر پارک ایس بلاک شامل ہیں۔