کرونا مزید 32 اموات، 5 لاکھ چینی ویکسین کا تحفہ حوالے، پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: چینی سفیر

Feb 01, 2021

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ سپیشل رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) چین نے ویکسین کا بڑا تحفہ پاکستان کے حوالے کر دیا۔ پاکستان میں کرونا وائرس کے دوران مزید ایک ہزار599 افراد متاثر، مزید 34 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ اموات 11 ہزار 657 تک پہنچ گئیں۔ مجموعی کیسز 5 لاکھ 44 ہزار 813 ہوگئے۔ ایک ہزار 822 مریض صحتیاب، مجموعی تعداد 4 لاکھ 99 ہزار 974 ہوگئی۔ فعال کیسزکی مجموعی تعداد 33 ہزار 182 رہ گئی۔ صوبہ سندھ میں مزید812 کیسز، 4 مریضوں کا انتقال، مجموعی اموات 3 ہزار 996 تک پہنچ گئیں۔ صوبہ پنجاب میں 425 نئے کیسز، مزید 20 مریض لقمہ اجل بنے، مجموعی تعداد 4 ہزار 736 ہوگئی۔ صوبہ خیبرپی کے میں مزید 274 متاثر، 7 کا انتقال، اموات ایک ہزار 897 تک جا پہنچیں۔ بلوچستان میں 6 کیسز رپورٹ، اموات 195 پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں مزید 104 کیسز، مجموعی اموات 475 پر برقرار ہیں۔ آزاد کشمیر میں مزید 16 متاثر، مزید ایک مریض کا انتقال، تعداد 260 تک جا پہنچی۔ گلگت بلتستان میں نیا کیس نہیں آیا، مجموعی اموات 102 پر برقرار ہیں۔ پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے ایک بار پھر مشکل گھڑی میں ساتھ دیتے ہوئے کرونا ویکسین کی بڑی کھیپ پاکستانی حکام کے حوالے کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کا خصوصی جہاز آئی ایل 78 آج پاکستان پہنچے گا۔ چین سے کرونا ویکسین خصوصی کولڈ باکسز میں لائی جائے گی۔ ویکسین ای پی آئی کے مرکزی کولڈ سٹور میں ذخیرہ کی جائے گی۔ ای پی آئی سے کرونا ویکسین صوبوں کو روانہ کی جائے گی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر این سی او سی نے اس حوالے سے اپنی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ این آئی ایچ اسلام آباد میں ویکسین رکھنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ صوبائی اور ضلعی سطح پر ویکسین کوآرڈینیشن مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رون نے کہا ہے کہ ہمیں فخر ہے کہ چین پاکستان کو کوویڈ19- کی ویکسین فراہم کرنے والا پہلا ملک ہے۔ چین میں پاک فضائیہ کے طیارے میں چینی ویکسیئن لوڈ ہونے پر اپنے ایک ٹویٹ میں اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ چینی سفر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ چین پاکستان کو کوویڈ19 کی وباء سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن امداد فراہم کرے گا۔  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا اگلے چند دنوں میں پاکستان میں ویکسینیشن کا عمل شروع ہو جائے گا۔ انشاء اﷲ  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین سے آنے والی ویکسین خود وصول کروں گا۔ فرنٹ لائن ورکرز کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی۔ عوام کیلئے کرونا ویکسین مفت ہو گی۔ سندھ پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 4 روز کے دوران مزید 155 اہلکاروں و افسران میں کرونا کی تصدیق ہونی ہے۔ جس کے بعد اس وباء کا شکار سے متاثرہ افسران و جوانوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 708 ہو گئی ہے جس میں سے اب تک 24 افسران و اہلکار جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جرمن وزیر صحت ژینس شپاہن نے کہا ہے کہ وہ جرمنی میں روسی اور چینی ویکسین کے استعمال کے بھی خلاف نہیں۔ شپاہن نے کہا کہ اگر ویکسین محفوظ ہے اور کارآمد ہے‘ تو اس سے فرق نہیں پڑتا کہ اس کو بنانے والا کون سا ملک ہے۔ الجزائر میں باقاعدہ طور پر شمالی شہر بلدہ سے کرونا وائرس کے خلاف ویکسنیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ روس کی تیار کردہ سپٹنک فائیو ویکسین کی پہلی کھیپ ملی‘ الجزائر نے دسمبر کے اواخر میں سپٹنک ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکوں کا آرڈر دیا تھا۔ بھارتی حکومت نے کرونا وائرس کے حوالے سے عائد پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے سینما ہالز میں مکمل گنجائش کے مطابق 100 فیصد ناظرین کو بٹھانے کی اجازت دے دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یکم فروری سے سینما ہالز 100 فیصد صلاحیت کے ساتھ کھولے جا سکیں گے۔ 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا لازم ہو گا۔قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی وسیم باری کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے انہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طبیعت خراب ہونے کے بعد وسیم باری کا کرونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا جو مثبت آیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق وسیم باری کو سانس لینے میں تکلیف ہے جس کی وجہ سے انھیں آکسیجن دی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم باری کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہو گیا ہے۔

مزیدخبریں