کوئٹہ(نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے اضلاع گوادر اور تربت کے مختلف علاقوں سے اڑھائی سال سے لاپتا 10 افراد گزشتہ 2 روز میں باحفاظت اپنے گھروں کو واپس آگئے۔ ان افراد میں بلوچی شاعر عبید عارف بھی ہیں جو نومبر 2018 میں ضلع گوادر کے علاقے جٹ دشت سے لاپتا ہوئے تھے۔دیگر 2 افراد میں امیر شکاری اور امام اسحٰق شامل ہیں جن کا تعلق ضلع گوادر کے علاقے دشت مزن بند سے ہے اور یہ اڑھائی سال بعد اپنے گھروں کو واپس آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ضلع کیچ کے بال نیگور کے عرفان امام بخش، سمی کلگ سے وحید داد، میناز بلیدا کے منظور حسین بھی اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔مزید یہ کہ دیگر 4 افراد جو ضلع کیچ کے ابصر اور ٹمپ کے علاقوں سے تعلق رکھتے تھے وہ بھی 2 سال بعد اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔ان افراد کی شناخت عزت اللہ، مہران، محمد شریف اور گلاب کے نام سے ہوئی۔اپنے گھروں کو واپس پہنچنے پر ان تمام افراد کے اہل خانہ اور علاقے کے لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔