حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنما، سابق صدور ڈسٹرکٹ بار محمد ارشد مہند ایڈووکیٹ اور پی ایم صفدر کھرل ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں ماضی کی مقبول فلمی اداکارہ نیلو بیگم کی وفات پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیلو بیگم نے اپنے فلمی سفرمیں کئی فلموں میں اپنے فن کے جوہر دکھائے۔وہ ایک اچھی فلمی اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک جرأت مند خاتون تھیں جنہوں نے ایوبی آمریت کے دور میں شہنشاہِ ایران کے سامنے رقص کرنے سے انکار کیا تھاجس کے ردعمل کے طور پر انھیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نیلو بیگم کی ہمت اور جرأت کوانقلابی شاعر حبیب جالب نے ہمیشہ کے لیے اپنی ایک نظم کی صورت میں محفوظ کر لیا۔اس موقع پر نیلو بیگم کی شخصیت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔