لاہور(کلچرل رپورٹر) فلمسٹار شان کی والدہ نیلو بیگم کی رسم قل ادا کر دی گئی ۔رسم قل میں شوبز انڈسٹری کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔مرحومہ کے بلند درجات کےلیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔شرکا میں گورنرپنجاب چودھری محمدسرور،پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدراعجاز چودھری ،وزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترو ،ہدایتکار حسن عسکری,پرویز کلیم,
فیصل بخاری,سیدنور,بلال چودھری,حیدر سلطان,نواز خان,اظہر رنگیلا,چاند برال,ریشم,میرا,صائمہ,شیبا بٹ شامل تھے۔
گورنر پنجاب نے کہاکہ ہمیں اپنے ہیروز کو یاد رکھنا چاہیے ۔شان نے مشورہ دیا کہ ہمارے شوبز فنکاروں کی بھی وال بنائی جانی چاہیے ۔ گورنر نے کہا کہ دنیا بھر میں فلم، کھیل، بزنس سے ہیروز کو عزت دی جاتی ہے ہمیں بھی ایسا کرنا چاہیے ، فنکاروں کے نام سے ایک وال کسی ایک جگہ بنائی جائے گی ، وزیر اعظم عمران خان شان شاہد کی عزت کرتے ہیں، ہم شان کے تجربات سے فایدہ لیں گے, میں نیلو بیگم کو سول اعزاز دینے کے لیے خود نامزد کرونگا.وزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترو اداکار شان کی والدہ اور اپنے دور کی صفحہ اول کی آرٹسٹ اداکارہ نیلو بیگم کے انتقال پرتعزیت کے لیے اداکار شان کے گھر گئے ۔ وزیر ثقافت نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے اداکارہ نیلو کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک رجحان ساز فنکارہ تھیں جنہوں نے اپنے خاوند اور پاکستان کے عظیم محب وطن ہدایت کار ریاض شاہد کے ساتھ ملکر پاکستان کی فلمی صنعت کو نئے رجحانات سے آشنا کیا۔ وزیر ثقافت کا مزید کہنا تھا کہ نیلو بیگم کی وفات سے ایک عہدکا خاتمہ ہوگیا۔ خیال احمد کاسترو کا مزید کہنا تھا کہ نیلو بیگم کو ایک لازوال اداکارہ کے علاوہ ایک جمہوریت پسند شخصیت کے طور پرہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدراعجاز چودھری بھی شان کے گھر گئے انہوں نے مرحومہ نیلو بیگم کے بلند درجات کےلیے دعا کی ۔مرحومہ کی فنی خدمات کو بھی سراہا۔