لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن نے کشمیر ڈے کے حوالے سے لاہور کالج ویمن یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے باسکٹ بال ٹورنامنٹ سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے، جو بھی کھلاڑی اور آفیشلز اس ٹورنامنٹ کا حصہ بنے گا اس پر پانچ سال کی پابندی عائد کی جائے گی۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری خالد بشیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ڈے کے نام پر لاہور کالج ویمن یونیورسٹی میں منعقد ہونے والا باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے لیے فیڈریشن سے اجازت نہیں لی گئی ہے۔ پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے تحت کوئی کھلاڑی اور آفیشلز کسی غیر قانونی ٹورنامنٹ میں شریک نہیں ہو سکتا اگر ایسا کوئی کرتا ہے تو اس پر پانچ سال کی پابندی عائد کر دی جائے گی۔ دوسری جانب لاہور ڈویژن باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمود بٹ کا بھی کہنا ہے کہ لاہور کی تمام کلبوں پر پاکستان باسکٹ بال کا آئین کا اطلاق ہوتا ہے کہ وہ کسی غیر قانونی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکتے۔ لاہور کی اگر کوئی کلب ٹورنامنٹ میں شرکت کرتی ہے تو اسے اور اس کے کھلاڑیوں کو پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔