وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔باہمی دلچسپی کے امور،حلقوں میں جاری فلاح عامہ کی سکیموں اورترقیاتی منصوبوں پرہونے والی پیش رفت پربات چیت کی گئی۔اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کواپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ استعفوں اور لانگ مارچ کی کھوکھلی سیاست اپنی موت آپ مرچکی ہے۔ پہلے بھی کہا تھا کہ ان لوگوں میں استعفیٰ دینے کی ہمت ہے نہ لانگ مارچ کرنے کا حوصلہ۔ کرپشن کی دلدل میں دھنسے عناصر صرف خالی نعرے لگا سکتے ہیں۔ ان لوگوں میں عمل کرنے کی صلاحیت ہی نہیں۔ ماضی میں بھی یہ ٹولہ مل کر ملک کو نوچتا رہا۔ نئے پاکستان میں کرپٹ سیاستدانوں کے لئے کوئی گنجائش نہیں۔ مسترد شدہ عناصر کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔ پی ڈی ایم کی قیادت کے اترے چہروں سے مایوسی عیاں ہے۔ یہ عناصر پاکستان میں انتشار پھیلا کر دشمن کے ایجنڈے کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں ـ منتخب نمائندوں کے ساتھ تسلسل کے ساتھ رابطے میں ہوں۔منتخب نمائندوں کی مشاورت سے حلقوں میں عوامی مسائل حل کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر غیر متزلزل یقین ہے۔تنقید کرنے والے عناصر ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں،جو کبھی رکے گا نہیں۔تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر ہر موقع پر ناکام رہے ہیں ـ انتشار کی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے منتخب نمائندوں کوجو عزت و احترام دیا ہے اس کا ماضی میں تصور بھی محال تھا۔آپ کی جانب سے اراکین اسمبلی کے ساتھ رابطوں سے مقامی مسائل حل ہوتے ہیں۔رکن قومی اسمبلی محمد افضل خان ڈھانڈلہ،اراکین پنجاب اسمبلی مخدوم سید افتخار حسین گیلانی،محمد عامر نواز خان،محمد اعجاز حسین بندیشہ،رائے ظہور احمد،محمد وارث عزیز،غنضفر عباس چھینہ،تیمور علی لالی اور نواب زاہ منصور احمد خان نے ملاقاتیں کیں ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے بعدازاں پنجاب اسمبلی کی خا تون ارکان نے بھی ملاقاتیں کیں۔ان میں ثانیہ کامران،شہوانہ بشیر،نیلم حیات ملک،ام البنین علی اورفرحت فاروق شامل تھیں۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ خواتین پاکستان کی آبادی کا تقریباً50 فیصد ہیں۔پاکستانی خواتین کو ترقی کے مساوی حقوق دینا تحریک انصاف کا مشن ہے۔ خواتین ارکان اسمبلی کے جائز کاموں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گاـانہوں نے کہا کہ خواتین ارکان اسمبلی کو ان کا جائز حق دیں گے ـخواتین ارکان ا سمبلی کی رہائش کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ـضلع کی سطح پر بننے والی کمیٹیو ں میں بھی خواتین ارکان ا سمبلی کو شامل کیا گیا ہےـوزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں میں خواتین ارکان اسمبلی کے مشوروں کو اہمیت دیں گے۔ ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی کیلئے خواتین کے عملی میدان میں کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔خواتین ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے لئے تجاویز پیش کیں.
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں،ترقیاتی منصوبوں پرہونیوالی پیش رفت پربات چیت
Feb 01, 2021 | 21:05