فیول ایڈجسٹمنٹ: بجلی 3.12 روپے یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

Feb 01, 2022


اسلام آباد (نامہ نگار) بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 12 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست کر دی۔ جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں آج سماعت ہو گی۔ قیمت میں اضافے کی صورت میں صارفین پر30ارب سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ سی پی پی اے نے دسمبر کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2021ء میں 8ارب 52کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔ جس کی پیداواری لاگت 73ارب 84کروڑ روپے رہی۔ سی پی پی اے نے کہا کہ 22روپے 24پیسے میں فرنس آئل سے مہنگی ترین بجلی پیدا کی گئی۔ ایل این جی سے 17روپے 80پیسے فی یونٹ، ڈیزل سے 14روپے 8پیسے، کوئلے سے 13روپے 31پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔ جبکہ ایران سے 13روپے 26پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی۔ لہذا فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمتوں میں 3روپے 12پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے۔

مزیدخبریں