اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ایکنک کے اجلاس میں کراچی کو اگلے سال تک 26 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی سمیت 448 ارب روپے کے چار منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق پیر کو وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا جس میں 448 ارب روپے مالیت کے 4 بڑے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب کی شاہراہوں اور صاف پینے کی فراہمی کے منصوبوں کیلئے 226 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب کی 130 ارب روپے کی لاگت سے بڑی رابطہ شاہراہوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی، پنجاب کے مختلف بڑے شہر 535 کلومیٹر طویل دو رویہ کیرج ویز سے منسلک کئے جائیں گے، پنجاب کی 16 تحصیل کے دیہی علاقوں کے لئے 96 ارب روپے کی لاگت سے صاف پانی اور صفائی کا منصوبہ منظور کرلیا گیا۔ کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم کے 4 کا نظرثانی شدہ منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا، کے 4 منصوبہ 126 ارب روپے میں مکمل ہوسکے گا، منصوبے سے کراچی کو 26 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جاسکے گا۔ منصوبے کے تحت کراچی کو 100 کلومیٹر دور کینجھر جیھل سے پانی کی سپلائی ممکن ہوسکے گی۔ کھاریاں راولپنڈی موٹر وے 96 ارب کا منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا۔ منصوبے کے تحت 96 ارب کی لاگت سے 4 لین کی 117.20 کلومیٹر طویل موٹر وے 30 ماہ میں مکمل ہوگی۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ دہائی سے زیادہ عرصہ سے زیر التواء پروجیکٹ کے فور کا نئے ڈیزائن پر مشتمل 126 ارب روپے کا منصوبہ ایکنک نے منظور کر دیا ہے۔ انشاء اللہ 2023ء اکتوبر تک 26 کروڑ گیلن پانی کراچی پہنچا دیا جائے گا۔ اسد عمر نے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا وفاق کا ایک اور وعدہ پورا ہو گیا۔