اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے تمام منتخب نمائندوں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے مقامی سطح پر پارٹی کارکنوں کو بھی متحرک کیا جائے۔ پیر کو وزیر اعظم سے وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کے ہمراہ صوبہ خیبرپختونخوا سے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی سکیموں اور پارٹی کی تنظیم سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے تمام منتخب نمائندوں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے ، بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی یقینی بنانے کے لئے مقامی سطح پر پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے نواب آف بہاولپور کے صاحبزادے نواب بہاول عباسی نے ملاقات کی۔ نواب بہاول عباسی نے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ نواب بہاول عباسی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ نواب بہاول عباسی کا جنوبی پنجاب کی سیاست میں اہم مقام ہے۔ نواب بہاول عباسی بہاولپور میں ڈسٹرکٹ چیئرمین کے امیدوار ہوں گے۔ وزیراعظم آج بہاولپور کا دورہ کریں گے اورقومی صحت کارڈ کا اجراکریں گے ، تقریب سے خطاب کرینگے۔
بلدیاتی الیکشن،خیبرپی کے میں کارکنوں کو متحرک کریں،عمران صاحبزادہ نواب بہاولپورپی ٹی آئی میں شامل
Feb 01, 2022