کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کا رعب دبدبہ ختم ہو چکا ہے۔ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کوئٹہ پہنچنے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 23 مارچ کو پوری قوم اسلام آباد میں ہو گی، 23 مارچ کو تمام سیاسی پارٹیوں کو شرکت کی دعوت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا رعب دبدبہ ختم ہو چکا ہے، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، حکومت کی نااہلی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کو احتجاج کی قیادت پی ڈی ایم اور مظاہرہ عوام کا ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ اے این پی اور پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہیں لیکن وہ آئیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ چمن میں سکیورٹی ملنے سے انکار سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحفظ فراہم کرنا ڈپٹی کمشنر چمن کی ذمہ داری ہے، میں چمن ضرور جاؤں گا، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں کہ وہ باہر آکر کس طرح خطرناک ہوں گے، کیا عمران باہر آ کر عوام کو مزید کنگال کریں گے۔ فضل الرحمن نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے حکومت سے نکالنے پر عدلیہ اور اداروں کو خطرناک ہونے کی دھمکی دی ہے۔ مولانا فضل الرحمن چمن پہنچ گئے۔ مولانا فضل الرحمان نے مدرسہ دارالعلوم اسلامیہ کا دورہ کیا اور دو سال قبل دھماکے میں شہید مولانا حنیف کے بیٹے سے تعزیت کی۔
عمران کا دبدبہ ختم ،بتائیں باہر آ کر کیسے خطر ناک ہونگے:فضل الرحمن
Feb 01, 2022