لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وفات پا جانے والے پی پی پی لاہور کے سینئر نائب صدر شہباز بھٹی اور سابق سینئر نائب صدر سید مظفر شاہ کے اہلخانہ سے تعزیت کے لئے ان کی رہائش گاہوں پر گئے۔ جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں پادری ولیم سراج کے قتل کی مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری لاہور میں بلاول ہاؤس میں قیام پذیر ہیں۔ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری قلعہ لچھمن سنگھ میں پی پی پی لاہور کے سینئر نائب صدر شہباز بھٹی کی رہائش گاہ پر بھی گئے اور وہاں جیالے شہباز بھٹی کے انتقال پر بھائی محبوب عالم بھٹی، ایوب بھٹی، طارق محمود بھٹی اور صاحبزادے حسنین بھٹی سے تعزیت اور مرحوم کے بھتیجوں یاسر ایوب بھٹی، ناصر ایوب بھٹی، وقاص بھٹی، فیصل بھٹی اور وقار بھٹی سے بھی اظہار افسوس کیا۔ اس موقع پر راجہ پرویز اشرف، حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، اسلم گل، جمیل منج و دیگر نے بھی شہباز بھٹی کے ورثاء سے اظہار افسوس کیا۔ بلاول بھٹو زرداری راوی روڈ پر واقع پی پی پی لاہور کے سابق سینئر نائب صدر سید مظفر شاہ کی رہائش گاہ پہنچے اور سید مظفر شاہ کے انتقال پر ان کے صاحبزادوں سید علی رضا، سید محمد شاہ اور بھانجے حماد رضا سے تعزیت کی۔ مظفر شاہ کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا سید مظفر شاہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کا نسلوں سے وفا کا تعلق تھا، زندہ دلانِ شہر کی مٹی گواہ ہے کہ یہاں کے بہادر جیالوں نے وفا اور قربانی کی مثالیں قائم کی ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی ایک خاندان کا نام ہے اور سید مظفر شاہ کے انتقال پر آج یہ پورا خاندان سوگوار ہے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں پادری ولیم سراج کے قتل کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ چرچ آف پاکستان کے پادری کا عبادت گاہ سے واپسی پر دن دیہاڑے قتل ملک میں مذہبی اقلیتوں کے تحفظ پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ موجودہ دور حکومت میں اقلیتوں اور پسماندہ طبقات میں عدم تحفظ اور محرومیوں کا احساس بڑھتا جارہا ہے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس لاہور میں مختلف جماعتوں کے رہنماؤں اور سیاسی شخصیات نے ملاقات کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں میں سابق گورنر بلوچستان سردار غوث بخش رئیسانی کے صاحبزادے اور سابق وزیراعلی بلوچستان اسلم رئیسانی کے بھائی نوابزادہ امین اللہ خان رئیسانی، پنجاب کے سابق وزیر جنگلات رائے اعجاز احمد خان اور دو مرتبہ پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑنے والا ان کا بیٹا ایڈووکیٹ رائے عظیم سعید، قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے والی نورالعین رائے، چیچہ وطنی سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر شعیب رحیم وتھرا، ساہیوال ڈسٹرکٹ کونسل کے سابق رکن اور پی ٹی آئی ڈسٹرکٹ ساہیوال کے سابق سینئر نائب صدر سہیل رحیم وتھرا شامل ہیں۔