پی ایس ایل ،ملتان سلطانزنے سنسنی خیزمقابلے کے بعد کوئٹہ کو شکست دیدی


لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے 7 ویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو6 رنز سے شکست دے دی۔175 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایڈیرز کی ٹیم 20 ویں اوور میں 168 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر174 رنز بنائے ، شان مسعود 88رنز بناکر نمایاں رہے۔ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رنز بنائے آئوٹ ہوگئے۔ایک وکٹ گرنے کے بعد شان مسعود اور صہیب مقصود کے درمیان 50 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم 62 رنز کے مجموعی اسکور پر صہیب 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ملتان کو تیسرا نقصان رائیلی روسو کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ بھی 21 رنز بناسکے تاہم دوسرے اینڈ سے شان بہترین بیٹنگ کرتے رہے لیکن وہ بھی 88 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ ٹم ڈیوڈ 28 اور خوشدل شاہ 8 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ عمران طاہر نے جادوئی گیندوں سے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ تین اہم وکٹیں لے کر کوئٹہ سے فتح چھین لی۔

ای پیپر دی نیشن