اسلام آباد/ ہنگو (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دہشت گرد مبین عرف مجروح ہلاک ہوگیا۔ مارے گئے دہشت گرد سے ہتھیار اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مبین اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔ ہنگو میں پولیس پارٹی پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2پولیس جوان شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ہنگو کے علاقہ دوآبہ میں دوآبہ ٹریفک پولیس اپنے ڈیوٹی پر مامور تھے کہ اس دوران نامعلوم موٹر سائکل سوار دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2پولیس جوان سپین زر اور عین حسین شہید ہوگئے۔ واقعے کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ علاقے میں مجرمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔