اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹوگو کے وزیر خارجہ پروفسیر رابرٹ دْوسے سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے مشترکہ مفادات اور باہمی احترام کو پاکستان اور ٹوگو کے درمیان شراکت داری کی بنیادی قوت قرار دیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ سطحوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی، سفارتی، تجارتی اور دفاعی شعبوں میں اشتراک عمل کو وسعت دینے کے طریقوں پر بات چیت کی۔ علاوہ ازیں انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقتصادی سفارتکاری‘ علاقائی رابطے اور امن کا فروغ ترجیحات ہیں۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ دفتر خارجہ اور تھنک ٹینکس کے درمیان قریبی تعاون عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق خارجہ پالیسی تشکیل دینے کیلئے ناگزیر ہے۔ دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جغرافیائی اقتصادی ترجیحات کے تناظر میں، اقتصادی سفارت کو بروئے کار لا کر، پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے مسلسل کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وفاقی سرمایہ کاری بورڈ آمد کے دوران چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفر احسن نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ کی چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ محمد اظفر احسن سے ملاقات ہو ئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہماری حکومت اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ مزید برآں وزیر خارجہ کا ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کامیلوف، کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ دوران گفتگو شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے، درمیان دو طرفہ تعلقات طویل تاریخی، مذہبی اور ثقافتی یکساں اقدار کی ہم آہنگی کی بنیاد پر استوار ہیں۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ٹیکسٹائل، زراعت، ماحولیات، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، اور ریل اور سڑک کے ذریعے رابطوں کے ضمن میں مشترکہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین کے ساتھ بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مسلسل بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ تاجکستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ بہتر اور نتیجہ خیز روابط ہماری سفارتی ترجیحات میں شامل ہے۔ دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات دے رہی ہے۔ وزارت خارجہ میں ڈچ وفد نے رائل فریسلینڈ کمپنی (RFC)کے سی ای او ہائین شومیکر کی سربراہی میں ملاقات کی ،وزیر خارجہ نے اراکین وفد کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے میسر مواقعوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اقتصادی سفارتکاری‘ امن کا فروغ ترجیحات ہیں: شاہ محمود
Feb 01, 2022