لاہور ( سپیشل رپورٹر) ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء ذوالفقار علی زلفی نے کہا ہے کہ الحمراء آرٹس کونسل ایک ایسے جدید ادبی وثقافتی ادارہ کی حیثیت رکھتا ہے جودور حاضر کے تما م ذرائع کو استعمال میں لاتے ہوئے اپنی ثقافتی حسن جس میں رواداری،برداشت کا جذبہ،ملن ساری شامل ہیں کو شائستگی سے پوری دنیا میں پھیلا رہا ہے جس میں معاشرہ میں امن و امان کی فضاء کوبرقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ذوالفقار علی زلفی نے ان خیالات کا اظہار 30ویں سینئرمینجمنٹ کورس کے وفد کے اراکین کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے کیا۔وفد میں پاکستان کے مختلف محکموں میں اعلی خدمات سرانجام دینے والے افسران شامل تھے۔ ذوالفقا ر علی زلفی نے وفد کو زبان وادب اور تہذیب و ثقافت پر آگاہ کیا۔دریں اثناء ذوالفقار علی زلفی کی نجی ہسپتال میں عالمی شہرہ آفاق آرٹسٹ مسعود اختر سے ملاقات کی۔نامور آرٹسٹ مسعود اختر کو صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا ، خیریت دریافت کی اور انھیں چیک پیش کیا۔صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو نے اداکار مسعود اختر کو مالی امداد کی چیک دینے کا اعلان کیا تھا۔
الحمراء جدید ادبی وثقافتی ادارہ کی حیثیت رکھتا ہے:ذوالفقارعلی زلفی
Feb 01, 2022