اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے پائیدار ترقی کے لئے خواتین کو یکساں حقوق کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو ہنر مند بناکر معاشی طور پر مضبوط بنایا جاسکتا ہے، خواتین کو گھروں کے نزدیک ڈیری فارمنگ اور مویشی پالنے کی تربیت دے کر ان کی ماہانہ آمدن میں اضافی کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو یہاں دیہی خواتین کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام، سفارتی نمائندوں، خواتین کی بہبود کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کی عہدیداران، اینگرو پاکستان کے ایگزیکٹیوزاور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کو یکساں اہمیت اور قدر حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں خواتین کو تعلیم اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات ناگزیر ہیں۔