انکلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا: ایلیکس ہیلز

لاہور ( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل انگلینڈ کے کرکٹر ایلیکس ہیلز نے کہا کہ اکتوبر میں شیڈولڈ انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا، انہوں نے ہمیشہ پاکستان میں کرکٹ کو انجوائے کیا اور یہاں خود کو محفوظ محسوس کیا۔ایک انٹرویو میں 33 سالہ انگلش کرکٹر نے اپنے کیریئر، مستقبل ، اسلام آباد یونائٹیڈ اور پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے معاملات پر بات کی۔ایلیکس ہیلز ان 24 انگلش کرکٹرز میں سے ایک ہیں جو اس سال پاکستان سپر لیگ کیلئے مختلف فرنچائزز کی نمائندگی کررہے ہیں، یہ 24 کرکٹرز انگلینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے 3 ماہ بعد ہی پاکستان آئے ہیں، ان میں سے 8 کرکٹرز ایسے ہیں جو انگلینڈ کی موجودہ ٹیم کا حصہ ہیں۔ہیلز نے کہا کہ وہ متعدد بار پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں، یہاں کی مہمان نوازی بہت زبردست ہے اور کھیل کا معیار بہت عمدہ ہے، فینز کرکٹ کے لیے ہمیشہ پرجوش ہوتے ہیں، یہ کرکٹ کیلئے بہترین جگہ ہے اور یہاں ہمیشہ خود کو ہر طرح سے محفوظ محسوس کیا۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان ہونیوالے میچ میں گوکہ 25 فیصد تماشائی ہی گراؤنڈ پر موجود تھے مگر ان کا شور اور جوش یہ احساس دے رہا تھا کہ ہم ہاؤس فل تماشائیوں کے سامنے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ایک سوال پر انگلش کرکٹر نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کا متعدد مرتبہ دورہ کیا مگر پاکستان گھومنے کا موقع نہیں ملا، پہلے سکیورٹی کی سختیاں اور پھر بائیو سکیور ببل کی بندشوں کی وجہ سے موقع نہیں ملا کہ اس ملک کی خوبصورتی دیکھ سکیں۔

ای پیپر دی نیشن