کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین اور پاکستان قومی اتحاد کے وائس چیئرمین الطاف شکورنے کہا ہے کہ سندھ میں لوکل گورنمنٹ انتخابات متناسب نمائندگی کی بنیاد پر کروائے جائیں۔ عام آدمی کی رسائی ممکن بنانے کے لئے بھاری فیسیں ختم کی جائیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کی تجاویز کے مطابق نیا بل سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے۔ کونسلر کی سطح پر الیکشن فیس کا مکمل خاتمہ کیا جائے تاکہ عام شہری بھی انتخاب کے عمل میں شریک ہوسکے۔صاف شفاف الیکشن کے انعقاد کے لئے ضروری ہے کہ انتظامیہ اور علاقے کا تھانہ پولنگ پر اثر انداز نہ ہو ۔ میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب متناسب نمائندگی کی بنیاد پر براہ راست عوام کے ووٹوں سے ہونا چاہئے ۔ پی ڈی پی کے چیئرمین اور پی کیو آئی کے وائس چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے لئے پولنگ کا عمل براہ راست کیا جائے۔ غریب اور متوسط طبقہ کو الیکشن کی بھاری فیسوں کے ذریعہ الیکشن سے باہر کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئیے۔ الیکشن میں دھاندلی سے بچنے کیلئے سیاسی جماعتوں کی آبزرویشن کمیٹی بنائی جائے ۔