لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ دنیا اسلامو فوبیا کے خلاف وزیر اعظم عمران خان کی ہم آواز بن رہی ہے۔ دنیا میں امن کا راستہ اسلامو فوبیا کے خاتمے سے ہی نکلتا ہے۔ اسلاموفوبیا اور انتہا پسندی میں صرف نام کا ہی فرق ہے۔ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جتنا کام ہورہا ہے دنیا میں اسکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ بدقسمتی سے بھارت دنیا میں اقلیتوں کے لیے سب سے خطرناک ملک بن چکا ہے۔ وہ گورنر ہائوس لاہور میں رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد اور پیر ناظم حسین شاہ اور دیگر کی قیادت میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے افراد کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو جتنی مذہبی آزادی حاصل ہے دنیا میں اسکی کوئی مثال نہیں۔