راولپنڈی (اکمل شہزاد سے) اسلام آبادانٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اینٹی نارکوٹک فورس اور کسٹمز کے محکموں کے اہل کار آپس میں دست و گریبان ہو گئے،اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے این ایف اور محکمہ کسٹمز کے درمیان تلخ کلامی کا واقعہ ایک غیر ملکی مسافر کو حراست میں لینے پرپیش آیا ہے،ذرائع نے بتایا کہ کلیٹن لِینڈرو ایک برازیلین شہری ای کے 612 پر دبئی سے اسلام آباد پہنچا تھا، امیگریشن کے بعد مسافر بیرن ملک آمدسے اپنا سامان لے رہا تھا، کہ اے این ایف اہل کاروں نے اس کو حراست میں لینے کی کوشش کی، تاہم کسٹمز حکام نے اہل کاروں کو غیر ملکی مسافر اور ان کے سامان کو حراست میں لینے سے روک دیا،کسٹمز حکام کے مطابق اسکیننگ کے بعد ہی کسی مسافر کو حراست میں لیا جاسکتا ہے، تاہم اے این ایف حکام کا کہنا تھا کہ ان کو مسافر پر منشیات اسمگلنگ کا شبہ ہے، اس لیے وہ اسے حراست میں لے رہے ہیں،کسٹم حکام کی جانب سے رکاوٹ ڈالے جانے پر اے این ایف اہل کاروں نے شور شرابا مچایا اور چیخنا چلانا شروع کر دیا، اس دوران دونوں محکموں کے اہل کار باہم دست و گریبان ہو گئے، اسلام آباد ایئر پورٹ میدان جنگ بن گیا،محکموں کے جھگڑے کی وجہ سے پاکستان پہنچنے والے بیرون ملک آمد پر ملکی اور غیر ملکی مسافر پریشان ہو گئے۔ذرائع کے مطابق جھگڑے کے بعد اے این ایف اہل کار غیر ملکی مسافر کو سامان سمیت حراست میں لے کر اپنے ساتھ لے گئے، تاہم اے اسی کسٹمز نے سامان اپنے قبضے میں لے لیا، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں محکموں کے افسران اب اس معاملے کو چھپانے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب اے این ایف ترجمان اس معاملے میں اپنا موقف دینے گریزاں ہیں، اس حوالے سے نوائے وقت نے اے پی ایم عدنان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ معلوم نہیں میں اسلام آباد منسٹری کے ایک اجلاس میں شریک ہوں۔