فیڈرل بور ڈ آف ریونیو (ایف بی آر )نے رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ جولائی سے جنوری کے دوران 3 ہزار 352 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کرلیا جو جولائی سے جنوری تک مقررہ ہدف سے 262 ارب روپے زیادہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے رواں جولائی 2021 تا جنوری 2022 میں حاصل کردہ محصولات کی ابتدائی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے 3352ارب روپے کا نیٹ ریونیوحاصل کیا ہے جو کہ اس عرصہ کے مقر ر کردہ ہدف 3090ارب روپے سے262 ارب روپے زائد ہے۔ اس طرح پچھلے سال اس عرصہ میں حاصل کردہ 2571 ارب روپے کے محصولات کے مقابلے میں 30.4 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔ایف بی آر نے جنوری 2022 میں430 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کیا جو کہ پچھلے سال جنوری 2021کے حاصل کردہ نیٹ ریوینیو367ارب روپے کے مقابلے میں17.2فیصد زائد اضافہ ہے۔
واضح رہے کہ ماہ جنوری کے آخری دن کے اختتام تک اور بک ایڈجسٹمنٹ کی مد میں حاصل ہونے والی وصولیوں کے بعدمحصولات کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔اسی طرح اس سال کا ریونیو پچھلے سال جولائی 2020 تا جنوری 2021 کے2705ارب روپے کے مقابلے میں اس سال( جولائی 2021 جنوری 2022 ) 3533ارب روپے رہا۔