لاہور (خصوصی نامہ نگار) پرویزالہی نے کہا ہے کہ دہشت گرد آزادانہ حملے کر رہے ہیں جبکہ سیاسی مخالفین کو قید کیا جارہا ہے، حکومت کی ترجیح امن و امان کا قیام نہیں بلکہ صرف سیاسی انتقام ہے، حکمرانوں کو ملک کی فکر ہے نہ ہی عوام کی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے سابق مشیر وزیر اعلی وسیم خان بادوزئی، سابق ارکان اسمبلی چوہدری احسان الحق، عمر عباس ڈھلوں، عمر آفتاب، علی عباس آغا و دیگر سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، امن و امان کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ پرویز الہی نے کہا کہ وفاقی حکومت ہو یا نگران سیٹ اپ، سب کو صرف فکر ہے کہ عمران خان کو کیسے مائنس کرنا ہے؟۔ انتقام کا ایجنڈا رکھنے والے سن لیں عمران خان کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔ عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ حکمران الیکشن میں مقابلہ کرلیں۔ پی ڈی ایم کی جماعتیں بلدیاتی انتخابات سے لیکر عام انتخابات کے ہر محاذ سے بھاگ رہی ہیں، نگران سیٹ اپ ایک ایک فائل ڈھونڈ کر ہمارے دور کے اقدامات کو منسوخ کرنے میں مصروف ہے۔ نگران اڑھائی ماہ کے مہمان ہیں ان کے تمام غیر آئینی اقدامات ریکارڈ ہورہے ہیں، جو جو قانون سے تجاوز کر رہا ہے وہ قانون کے شکنجے میں آکر رہے گا۔