کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی بیرک گولڈ کارپوریشن نے منصوبے سے متعلق بلوچستان حکومت کو پہلی ادائیگی کردی۔ بیرک گولڈ کارپوریشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بلوچستان حکومت کو نئی شراکت داری کے فریم ورک کے تحت تین ملین ڈالرکی ادائیگی کی گئی ہے۔ ریکوڈک پاکستان کے کنٹری منیجر علی رند نے سیکرٹری معدنیات کو 3 ملین ڈالرکا چیک دیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ہی وفاقی کابینہ نے ریکوڈک منصوبے کی حتمی ڈیل پر دستخط کرنے کی باضابطہ منظوری دی تھی۔ بیرک گولڈ کارپوریشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ریکوڈک سے پہلی کمرشل پیداوار 2028ء میں شروع ہوگی اور ریکوڈک کے ذخائر کی مدت 40 سال ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبے میں ساڑھے 7ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا اور منصوبے سے 4 ہزار طویل المدتی نوکریاں پیدا ہوں گی۔ کمرشل پیداوار شروع ہونے پر بلوچستان کو سالانہ 50 ملین ڈالرز تک رائلٹی ملے گی۔