میڈیکل ٹیمیں پشاور بھجوارہے ہیں : محسن نقوی ، بغیر اطلاع انسٹی ٹیوٹ آگ مینٹل ہیلتھ کا دورہ 

Feb 01, 2023


 لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے  بغیر اطلاع پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ کیا۔ ہسپتال انتظامیہ بھی محسن نقوی کے دورے سے لاعلم رہی۔ نگران وزیراعلیٰ نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے مریضوں سے مصافحہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے مریضوں سے علاج معالجہ کی فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ بعض مریضوں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم مکمل صحت یاب ہیں اور گھر جانا چاہتے ہیں۔ یہاں ادویات ملتی ہیں‘ لیکن گھر والے نہیں ملتے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایم ایس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی فہرست طلب کرتے ہوئے کہا کہ صحت یاب مریضوں کو گھر بھجوانے کیلئے ہر سطح پر فی الفور ضروری اقدامات کریں گے۔ علاوہ ازیں محسن نقوی سے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے صدر پروفیسر محمد شعیب شفیع کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں ڈاکٹرز کی تربیت‘ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنانے اور سینئر ڈاکٹرز کی ڈیوٹی پر موجودگی کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہسپتالوںکی ایمرجنسیز میں سینئر رجسٹرار (کنسلٹنٹ) کی ڈیوٹی پر موجودگی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ ایمرجنسیز میں سینئر رجسٹرار کی ڈیوٹی پر موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ وفد نے محسن نقوی کو نگران وزارت اعلیٰ کے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دوسری جانب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پشاور مسجد دھماکے کے زخمیوں کے علاج معالجے کیلئے لاہور سے میڈیکل ٹیمیں پشاور بھجوائی جا رہی ہیں۔ پنجاب حکومت مشکل کی اس گھڑی میں زخمیوں کے علاج  معالجے کیلئے ہرممکن تعان کرے گی۔ خیبر پی کے کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ پولیس لائنز پشاور دھماکے میں معصوم نمازیوں کی شہادت ایک سانحہ سے کم نہیں۔ محسن نقوی نے پاکستان پریس کلب یوکے کے صدر و سینئر صحافی مبین چودھری کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں