خیبر پی کے میں 16اپریل کو لیکشن کرالیں ، سیکر ٹری گورنر : مجھے علم نہیں ، غلام علی 

Feb 01, 2023


اسلام آباد‘ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) گورنر خیبر پی کے کے سیکرٹری کی جانب سے صوبے میں انتخابات کرانے کی تاریخ سے متعلق الیکشن کمشن کے خط کا جواب دے دیا گیا ہے۔ ذرائع کہتے ہیں الیکشن کی تاریخ 16 اپریل تجویز کی گئی ہے جبکہ گورنر حاجی غلام علی کا موقف ہے انہیں الیکشن کی تاریخ کا علم نہیں کیونکہ خط کا جواب انہوں نے نہیں بلکہ سیکرٹری نے دیا ہے۔ الیکشن کمشن نے خیبر پی کے اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کے لیے گورنر کو 25 جنوری کو خط لکھا تھا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ کو خط لکھ کر الیکشن کمشن بلایا جائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے سے انتخابات سے متعلق بات کی جائے گی۔  پنجاب اور خیبرپی کے میں انتخابات کی تاریخ کیلئے گورنرز کو الیکشن کمشن نے دوبارہ خط لکھ دیئے۔ خط میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی 14 جنوری کو تحلیل ہوئی۔ تاحال الیکشن کی تاریخ نہیں دی گئی۔ خیبرپی کے اسمبلی 18 جنوری کو تحلیل ہوئی مگر ابھی تک گورنر خیبر پی کے کی جانب سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمشن نے خط میں مزید کہا کہ آرٹیکل 105 کے تحت تحلیل کی صورت میں گورنر کا الیکشن کی تاریخ دینا ضروری ہے جبکہ اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 روز کے اندر الیکشن کرانا آئینی ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں