لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہؐ کے زیر اہتمام 19 فروری کو مینار پاکستان پر ہونے والی آل پاکستان سنی کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلہ میں ایف ایس ڈی ہال میں سنی کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ سنی کنونشن کی صدارت شیخ الحدیث مفتی محمد سعید قمر سیالوی نے کی جبکہ شیخ الحدیث مفتی نذیر احمد سیالوی مہمان خصوصی تھے۔ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 19 فروری کو مینارِ پاکستان پر نظریاتی اہل سنت اپنی قوت و اتحاد کا مظاہرہ کریں گے۔ اہل سنت پاکستان کی پر امن اور غالب اکثریت ہیں۔اہل سنت کو پر امن ہونے کی سزا دی جارہی ہے اور انہیں مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔ حقوق اہل سنت کے تحفظ کیلئے منظم اور ملک گیر جدوجہد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ آج اہل سنت کو انہیں نظریاتی خطوط پہ منظم کیا جا رہاہے جو برصغیر پاک میں داتا گنج بخش، خواجہ غریب نواز، حضرت مجدد الف ثانی اور اعلیٰ حضرت امام احمد رضا بریلوی نے متعین کیے تھے۔ عقائد کے پلپلے پن سے نجات حاصل کیے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ کنونشن میں غلام مرتضیٰ عطائی، پیر فضل قدیر ، پیر امین اللہ نبیل ، مولانا اشرف شاد، مولانا حبیب اللہ سیالوی، مولانا عرفان ، حافظ شہباز جلالی و دیگر نے شرکت کی۔