لاہور (خصوصی نامہ نگار)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا علیم الدین شاکر، قاری جمیل الرحمن اختر، میاں محمد رضوان نفیس، مولانا عبدالنعیم، مولانا محمداشرف گجر، مولانا خالد محمود، مولانا محمدحنیف کمبوہ، قاری ظہورالحق نے اپنے مشترکہ بیان میں پشاور پولیس لائنز مسجد خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکہ ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کاروائی ہے۔ مسجدمیں نماز کے دوران عبادت میں مصروف ناحق لوگوں کی جان لینے والے دہشتگردوں کا کوئی مذہب اور دین نہیں ہوسکتا۔ ایسی دہشتگردی کرنے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔ کوئی بھی مذہب ناحق لوگوں کی جان لینے کی اجازت نہیں دیتا۔ ایسی کارروائی کرنیوالے درندہ صفت افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دھماکہ کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں اوراس میں ملوث دہشتگردوں کو فوری پکڑ کر عبرت کا نشان بنایا جائے۔ ریڈزون پولیس قلعہ کا یہ دلخراش واقعہ حکومت کیلئے بڑا سوالیہ نشان ہے۔ جب اتنے اہم اور احساس ادارے میں گھس کر دہشت گردی کی کارووائی ہو سکتی ہے تو عوام کے جان و مال کے تحفظ کا کیا ہوگا۔پشاور مسجدکے اندوہناک سانحہ میں 95سے زائد نمازیوں کی شہادت اور200سے زائد کے زخمی ہونے کا دلخراش واقعہ نے ساری انسانیت کوشرمادیاہے۔
پشاور پولیس لائنز خودکش حملہ،انسانیت کیخلاف کھلی دشمنی ہے: عزیز الرحمن ثانی
Feb 01, 2023