لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسجد میں نمازیوں پر خود کش حملہ بدترین درندگی ہے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے پشاور میں مسجد پر خود کش حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہی۔ ایک طویل عرصہ تک امریکہ کے فرنٹ لائن اتحادی بنے رہنے کی وجہ سے پاکستان کو تقریباً 2 دہائیوں تک بدترین دہشت گردی کا سامنا رہا اور بڑی تگ و دو اور قربانیوں کے بعد دہشتگردی کے عفریت پر قابو پایا گیا تھا۔ فخریہ انداز میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی واحد فوج ہے جس نے دہشت گردوں کو ناکوں چنے چبوائے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اس فتنہ نے دوبارہ کیوں سر اٹھا لیا ہے۔