نوشہرہ ورکاں (نمائندہ نوائے وقت) نواحی گاؤں مجوچک کے ڈیرہ چنگڑاں میں بائیس کنال رقبہ پر 60 سالوں سے غریب محنت کش خاندان آباد ہیں جنہوں نے وہاں مکانات تعمیر کر کے اپنے نام کے بجلی اور سوئی گیس کے کنکشن بھی حاصل کر رکھے ہیں اس جگہ کی ملکیت کا تنازعہ کورٹ میں چل رہا ہے گزشتہ روز محکمہ مال کے افسر پولیس فورس واپڈا اور سوئی گیس کے عملہ کے ہمراہ وہاں پہنچے اور بھاری کرینوں اور ٹریکٹروں کی مدد سے سو کے قریب رہائشی مکانات مسمار کر دیئے احتجاج کرنے والے افراد کو پولیس پکڑ پکڑ کر گاڑیوں میں ڈالتی رہی عورتوں کی آہ و بکا اور بچوں کی چیخ و پکار کا بھی کوئی اثر نہ ہوا غریب محنت کشوں کا گھریلو سامان بھی ملبہ تلے دب گیا۔،متاثرین کے مطابق اس کاروائی کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا سپریٹنڈنٹ بوٹاہے جس کا کہنا ہے کہ یہ جگہ ہماری ملکیت ہے اس سلسلے میں سابق چیئرمین یونین کونسل مجوچک چوہدری غلام صفدر گجر ایڈووکیٹ اور وکلاء رہنماء حافظ سہیل رسول گجر کا کہنا ہے کہ محکمہ مال کی یہ کاروائی بالکل غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے اس کے واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے گی متاثرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی اور کمشنر گوجرانوالہ سے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔