فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) فیصل آباد کے شہریوں کیلئے پانی کی فراہمی کے میگا پراجیکٹ فرنچ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ فیز 2 کے حوالے سے فرانسیسی مشن نے واسا فیصل آباد ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔اس ضمن میں ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے کی جبکہ اس موقع پر فرنچ مشن میں شامل ڈینس ڈیزل، فلپ سٹینمٹز،اگیتھی ڈمس،احسن پراچہ،پراجیکٹ ڈائریکٹر کامران رضا،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز عدنان نثار،اکرام اللہ،ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی محمد رفیع،ڈائریکٹر آئی اینڈ سی عثمان لطیف،ڈائریکٹر ریونیو عمر افتخار،ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم یو تحسین احمد موجود تھے۔اجلاس کے دوران میگا پراجیکٹ کے حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹرنے اب تک ہونے والی پیش رفت اور درپیش چیلنجز بارے بریفنگ دی۔
اور مختلف پوائنٹس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ ایجنسی فرانس ڈویلپمنٹ (اے ایف ڈی) کی جانب سے فیصل آباد کے شہریوں کیلئے پینے کے پانی کے میگا پراجیکٹ فرنچ واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ فیز ٹو پر ان کے شکر گزار ہیں اور اے ایف ڈی اور واسا فیصل آباد مل کر اس میگا پراجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔انہوں نے میگا پراجیکٹ پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ لوئیر گوگیرہ برانچ پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائے گا جس سے 25 ملین گیلن روزانہ پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی اور فرنچ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ فیز ون کا توسیعی منصوبہ ہے۔اس میگا پراجیکٹ کے تحت 24کلومیٹر واٹر ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی۔اس منصوبے پر مجموعی طور جتنی لاگت آئے گی اس میں اکیاسی فیصد فنڈزاے ایف ڈی جبکہ 19 فیصد فنڈز مقامی طور پر فراہم کئے جائیں گے۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ 30 ملین گیلن روزانہ پانی کی فراہمی کے اضافہ سے شہریوں میں پانی کی طلب اور رسد کے فرق کم ہو گا اور 7 لاکھ سے زائد اضافی آبادی اس پینے کے پانی سے مستفید ہو گی۔