لاہور(نوائے وقت رپورٹ)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان کی واپسی پر بینچ مارک 100 انڈیکس میںگزشتہ روز 800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ سرمایہ کاروں نے تعطل کا شکار بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) پروگرام کی بحالی پر اپنی امیدیں باندھ لیں۔ سیشن کے اختتام پر 100 انڈیکس 801.79 پوائنٹس یا 2.01 فیصد اضافے کے ساتھ 40,673.06 پر بند ہوا۔مارکیٹ اوپر کی طرف کھلی اور دن بھر اپنی بڑھتی ہوئی رفتار کو برقرار رکھا۔ بورڈ بھر میں انڈیکس ہیوی سیکٹرز بشمول آٹوموبائلز، سیمنٹ، کیمیکلز، کمرشل بینکس، فارماسیوٹیکلز، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیز اور او ایم سیز کی خریداری سبز رنگ میں ہوئی۔ گزشتہ روز آئی ایم ایف کی ٹیم کے ڈائریکٹر ناتھن پورٹر کی قیادت میں اسلام آباد پہنچنے کے بعد یہ امید واپس آگئی۔ وفد نے تکنیکی سطح کی ملاقاتیں شروع کیں۔ گزشتہ روز سیشن کے ابتدائی حصے کے دوران روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوا، آئی ایم ایف پروگرام نے کرنسی مارکیٹ میں بھی جذبات کو متحرک کیا۔ ماہرین نے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کو معیشت کیلئے انتہائی اہم قرار دیا ہے جو ایک بڑے بحران کی لپیٹ میں ہے۔ حالیہ دنوں میں، حکومت نے بین الاقوامی قرض دہندگان کو مطمئن کرنے کے لیے امریکی ڈالر کی بڑھتی ہوئی بلیک مارکیٹ پر لگام لگانے کے لیے روپے پر کنٹرول ڈھیلے کر دیا ہے۔ یہ ایک ایسا قدم ہے جس کی وجہ سے کرنسی کی قیمت ریکارڈ کم ہو گئی۔ مزید یہ کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ منی بجٹ بھی پائپ لائن میں ہے۔
سٹاک ایکسچینج 100انڈیکس میں 800سے زائد پوائنٹس اضافہ
Feb 01, 2023